اسلام آباد: (دنیا نیوز) 27 ویں آئینی ترمیم کے پیش نظر جے یو آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے سربراہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
جے یو آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ہوگا، جس میں ارکان قومی اسمبلی و سینیٹرز شریک ہوں گے، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، 27 ویں آئینی ترمیم سے متعلق مولانا فضل الرحمان پارلیمنٹیرین سے مشاورت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں سے ہونے والی ملاقاتوں سے متعلق مشاورت بھی ہوگی۔
دوسری جانب جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے مقامی حکومتوں کے آئینی تحفظ کیلئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی حمایت سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق آرٹیکل 140اے سے متعلق آئینی ترمیم پر ایم کیو ایم کو مدد نہیں مل سکی، ایم کیو ایم نے مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینے کیلئے حمایت مانگی تھی، جے یو آئی کا مؤقف ہے کہ آرٹیکل 140اے سے متعلق آئینی ترمیم کو 27 ویں ترمیم سے الگ کر دیں، ایم کیوایم اگر الگ سے آئینی ترمیم لائے تو حمایت کریں گے۔
جے یو آئی کے مطابق بااختیار مقامی حکومتوں اور بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ کے مخالف نہیں۔



