اگر دستبردار شقوں میں سے کوئی 27ویں ترمیم میں آئی تو سخت مخالفت کریں گے : فضل الرحمان

Published On 07 November,2025 06:28 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر دستبردارشقوں میں سے کوئی شق27 ویں ترمیم میں آئی تو آئین کی توہین سمجھتے ہوئے سخت مخالفت کریں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں مولانا فضل الرحمان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج ہماری پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اراکین نے شرکت کی اور27 ویں آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ 27 ویں ترمیم کی بحث چل رہی ہے، ترمیم کےحوالے سے کوئی مسودہ سامنے نہیں آیا، جب کوئی مسودہ سامنے آئے گا تو بات کرسکیں گے، 26ویں ترمیم میں حکومت 26شقوں سے دستبردارہوئی تھی، اگر 26 ویں ترمیم سے نکالی گئی شقیں اِس میں آتی ہیں تو یہ قابل قبول نہیں ہوگا۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ یہ طے ہوا تھا اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پیش بھی ہوں گی اور ان پر بحث بھی ہوگی، یہ سفارشات ابھی تک پیش بھی نہیں ہوئیں،سود کے خاتمے کے معاملے پر بھی کوئی پیش رفت نظر نہیں آرہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مدارس کووزارت تعلیم کےتحت کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، مدارس کی رجسٹریشن بھی نہیں کی جا رہی، اگرصوبوں کے اختیارات میں کمی کی بات کی گئی تو ہم مخالفت کریں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کھینچ تان کردوتہائی اکثریت حاصل کی جا رہی ہے اِس کانقصان ہو گا، صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا توبھرپورمخالفت کریں گے، پُرامید ہوں افغانستان سے مذاکرات کامیاب ہوں، صوبوں کےاختیارات میں کمی ہمیں قبول نہیں۔