27 ویں ترمیم پر مشترکہ کمیٹی کا اجلاس ، آج بحث مکمل کر لیں گے: فاروق نائیک

Published On 09 November,2025 12:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 27 ویں آئینی ترمیم بل کے جائزہ کے لیے پارلیمنٹ کی قانون و انصاف کمیٹی کا مشترکہ اجلاس جاری ہے، شقوں پر مرحلہ وار غور کیا جائے گا۔

اجلاس کی صدارت سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور چودھری محمود بشیر ورک کر رہے ہیں، اجلاس میں 27آئینی ترمیم پر مشاورت کی جا رہی ہے، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی شریک ہیں جبکہ وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک زوم لنک کے ذریعے شریک ہیں۔

وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں، انہوں نے تمام جماعتوں کو مشترکہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

دوسری جانب جے یو آئی نے قانون و انصاف کی مشترکہ کمیٹی کا بائیکاٹ کردیا ہے جبکہ تحریک انصاف نے ترمیم پر بحث کے لیے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سینیٹ کی قانون و انصاف کمیٹی کے چیئرمین فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ جن تجاویز پر کل بحث نہیں ہوئی ان پر آج غورہوگا، ججز کی ٹرانسفر، آرٹیکل 243جوجوائنٹ کمانڈپر ہے اورکچھ شقوں پر میٹنگ ہوگی، تمام شقوں پر رائے لی جائے گی اورپھر کچھ فائنل ہوگا۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پوری امید ہے آج اس بحث کو ہم مکمل کرلیں گے، ہر جماعت کو اپنی تجاویزدینے کا پورا حق ہے، ارکان کی اکثریت کیا فیصلہ کرتی ہے آج پتہ چل جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم، مسلم لیگ ن کی تمام تجاویز کودیکھا جائے گا پھر فیصلہ ہوگا، اکثریت کی رائے کے مطابق فیصلہ ہوگا پھر یہ ہاؤس میں بھیجا جائے گا، کوشش ہوگی ہم اس کو شام 5بجے تک مکمل کرلیں۔

قبل ازیں فاروق ایچ نائیک نے بتایا تھا کہ کمیٹی نے 80 فیصد تجاویز پر غور کر لیا ہے۔