اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا۔
جے یو آئی کے مرکزی رہنما و سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ہمیں ہر چیز پر اعتراض ہے، حکومت پر اعتبار بھی نہیں، 27 ویں ترمیم سے 26 ویں ترمیم کو رول بیک کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیں ترمیم پڑھنے کی اجازت نہیں دی، تحفظات کے باوجود ہم مشترکہ کمیٹی میں جانا چاہتے تھے، ہم کمیٹی میں اپنی تجاویز بھی رکھنا چاہتے تھے۔
فضل الرحمان بیرون ملک چلے گئے، آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ نہ دینے کا فیصلہ
خیال رہے کہ اس سے قبل مولانا فضل الرحمان بھی آئینی ترمیم کی واضح مخالفت کر چکے ہیں، گزشتہ روز دبئی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نے 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے 26 ویں ترمیم سے نکالے گئے نکات کو 27 ترمیم میں شامل کر کے عہد شکنی کی ہے۔



