کراچی کی اہم شاہراہ کئی روز کے لئے بند کرنے کا اعلان

Published On 10 November,2025 09:27 am

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کی اہم شاہراہ کو کئی روز کے لئے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، نیپا چورنگی سے وفاقی اردو یونیورسٹی تک روڈ 10 نومبر سے 30 دسمبر تک بند رہے گی۔

واٹر اینڈ سیوریج امپروومنٹ پروجیکٹ کے مطابق روڈ کے فور منصوبے کیلئے پانی کی لائنیں ڈالنے کے باعث روڈ بند رہے گا، پہلے مرحلے میں وفاقی اردو یونیورسٹی تک لائنیں بچھائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں حسن سکوائر سے نیپا چورنگی تک کام ہو گا۔

کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو نیپا چورنگی سے الہ دین پارک کی طرف موڑا جائے گا۔

دوسری جانب یونیورسٹی روڈ پر تعمیر ہونے والا ریڈ لائن منصوبہ کراچی کے شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے جہاں سے شہریوں کو گزرنا انتہائی تکلیف دہ ہے، شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں۔

چند ماہ قبل ریڈ لائن منصوبے کے کام کے دوران پانی کی لائن پھٹ گئی جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی اور لوگ ٹینکر خریدنے پر مجبور ہوئے۔

اس منصوبے کے اطراف میں تین یونیورسٹیاں، کراچی یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی اور وفاقی اردو یونیورسٹی موجود ہیں جس کے طلبا بھی اذیت میں مبتلا ہیں۔

طلبا کا کہنا ہے کہ بس منصوبے کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہوا ہے، ہمیں مجبوراً گروپ بنا کر سڑک عبور کرنی پڑتی ہے، حکومت سے گزارش ہے کہ اس منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔