اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ 27ویں ترمیم منظور ہوگئی ہے اب 28 ویں ترمیم کی تیاری کریں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ 27ویں ترمیم منظور ہوگئی ہے، اس ترمیم سے جمہوریت مضبوط ہوگی اور ملکی دفاع مزید مضبوط ہوگا۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو اس ترمیم پر راضی کرلیں گے؟ جس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ مولانا ہمارے بڑے ہیں، ان سے سیاست سیکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے زبردست کام کیا ہے میں ان کی قدر کرتا ہوں، وزیراعظم نے جمہوری روایت کے تحت ایک انتہائی اچھا اقدام کیا ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ خیبر پختونخواہ کے نام تبدیلی کے حوالے سے پیش کیے جانے کی ترمیم بارے کیا کہیں گے؟ فیصل واوڈا نے جواب دیا کہ ایمل ولی میرا دوست ہے، جیسا کہیں گے ویسا کر دے گا۔
ایک اور صحافی کے سوال پر سینیٹر نے 28ویں ترمیم کی تیاری کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اب اس ترمیم میں دم نہیں رہا، 28ویں ترمیم کی تیاری کریں۔



