فوج کی وجہ سے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، سیف اللہ ابڑو سینیٹ نشست سے مستعفی

Published On 10 November,2025 06:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے اپنی سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ کا اعلان کر دیا اور کہا کہ پاک فوج کی وجہ سے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاک فوج نے شکست دی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دنیا نے عزت دی ہے، پاک فوج اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وجہ سے ووٹ دیا ہے۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے 27 ویں ترمیم کیلئے ووٹ کاسٹ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ میں آج یہاں سے اپنی نشست سے استعفیٰ دیتا ہوں، مجھے آپ ڈی نوٹی فائی کر دیں۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، سیف اللہ ابڑو2021ء میں پی ٹی آئی ٹکٹ پر سندھ سے منتخب ہوئے تھے، سیف اللہ ابڑو کی مدت مارچ 2027ء تک تھی۔