صدر مملکت کو تاحیات گرفتار نہ کرنے کی شق کثرت رائے سے منظور

Published On 10 November,2025 07:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ نے 27 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے صدرِ مملکت کو تاحیات گرفتاری سے استثنیٰ دینے کی شق کثرتِ رائے سے منظور کرلی۔

ایوانِ بالا کا اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں 27ویں آئینی ترمیم کی مختلف شقیں مرحلہ وار پیش کی گئیں اور اکثریتی ووٹ سے منظور کی گئیں۔

وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑنے آرٹیکل 248 میں وہ ترمیم پیش کی جس کے تحت صدرِ مملکت کو تاحیات استثنیٰ حاصل ہوگا۔

ترمیم منظور ہونے کے بعد صدر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد بھی ان کے خلاف کسی بھی مقدمے میں کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جاسکے گی۔

البتہ، ترمیم میں یہ شرط بھی شامل کی گئی ہے کہ اگر سبکدوش صدر بعد میں کوئی عوامی عہدہ سنبھالتے ہیں تو یہ استثنیٰ ختم ہوجائے گا۔

یہ شق پاکستان پیپلز پارٹی کے مطالبے پر 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے میں شامل کی گئی تھی۔