27 ویں آئینی ترمیم کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

Published On 11 November,2025 03:21 pm

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم کو چیلنج کر دیا گیا۔

شہری حسن لطیف کی جانب سے ایڈووکیٹ مقسط سلیم کے توسط سے دائر درخواست میں نئی آئینی ترمیم کو آئین کی بنیادی ساخت اور این سے متصادم قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے، درخواست میں وزیراعظم، سپیکر قومی اسمبلی اور وزارتِ قانون سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حالیہ حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم کی سینیٹ منظوری دے چکا ہے، ترمیم کر کے سپریم کورٹ کے متعدد اختیارات ایک نئی وفاقی آئینی عدالت کے سپرد کیے جا رہے ہیں جبکہ چیف آف ڈیفنس سٹاف کو تاحیات استثنیٰ دینے کی شق بھی شامل ہے۔

ایڈووکیٹ مقسط سلیم نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ یہ ترمیم آئین کی اصل روح، اختیارات کی تقسیم اور عدلیہ کی خودمختاری کے منافی ہے، عدالت 27 ویں آئینی ترمیم کو غیر آئینی قرار دے کر کالعدم قرار دے۔