اندازہ تھا ہم پر پریشر ڈالنے کیلئے اس قسم کی حرکت کی جائیگی: خواجہ آصف

Published On 11 November,2025 05:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اسلام آباد میں دہشت گردانہ حملے پر ریاست کو پیغام سمجھنا چاہئے، ہمیں اندازہ تھا ہم پر پریشر ڈالنے کیلئے اس قسم کی حرکت کی جائیگی۔

اسلام آباد کچہری دھماکے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ابھی تک دہشت گردی سرحدی علاقوں میں محدود تھی، اسلام آباد میں دہشتگردانہ حملے سے ہمیں پیغام دیا گیا ہے کہ آپ کے تمام علاقے ہماری زد میں ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت افغانستان میں بیٹھے دہشت گرد جس کی افغان حکومت پشت پناہی کر رہی ہے انہوں نے اس کا ٹمپریچر ہائی کر دیا ہے، ہمارے عوام اور افواج دہشتگردی میں قربانیاں دے رہے ہیں، پاکستان دہشتگردانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دے گا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ دہشتگردانہ کارروائیاں نہ سرحدی اور نہ ہی شہری علاقوں میں برداشت کی جائیں گی، افغان حکومت سے کامیاب ڈائیلاگ کی تھوڑی سے امید تھی اس حملے کے بعد دوبارہ دیکھنا پڑے گا، ان حالات میں ریاست کو سنجیدہ ہوکر سوچنا ہوگا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد دھماکے پر ٹی ٹی پی کے قبول کرنے کے بعد کسی شک کی گنجائش نہیں رہی، ٹی ٹی پی ایک ایکسٹینشن ہے ان کے سارے چیلے کابل میں بیٹھے ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ کابل حکومت کس طرح ان کی ذمہ داری قبول نہیں کرسکتی، میں سمجھتا ہوں کہ دہشت گردی کے خطرات پاکستان کے تمام شہروں میں موجود ہیں۔