پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی جاری، مجموعی تعداد سامنے آگئی

پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی جاری، مجموعی تعداد سامنے آگئی

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر اب تک 2 لاکھ 75 ہزار 183 افغان شہریوں کی وطن واپسی یقینی بنائی جا سکی ہے، اب تک تین فیز میں افغان شہریوں کی وطن واپسی کے اقدامات کیے گئے۔

پہلے فیز میں یکم نومبر 2023 سے 14 فروری 2025 تک 82 ہزار 916 افغان شہریوں کا انخلا ممکن ہوا، دوسرے فیز میں 15 فروری 2025 سے 31 اگست 2025 تک 44 ہزار 584 افغان شہری واپس بھیجے گئے۔

یکم ستمبر2025 سے تاحال افغان شہریوں کے انخلا کا تیسرا فیز جاری ہے، تیسرے فیز میں اب تک ایک لاکھ 47 ہزار 683 افغانیوں کو وطن واپس بھیجا جا چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تیسرے فیز کے دوران چمن بارڈر سے رضاکارانہ طور پر ایک لاکھ 44 ہزار 253 افغانی وطن واپس گئے، تیسرے فیز کے دوران سندھ بھر کے ٹرانزٹ پوائنٹس سے 3 ہزار 430 افغان شہری واپس گئے۔

تیسرے فیز میں کراچی سے اب تک مجموعی طور پر 3 ہزار 327 افغان شہریوں کی وطن واپسی ممکن ہوئی، کراچی سے جانے والوں میں 2 ہزار 364 غیر قانونی طور پر مقیم افغانی، 136 افغان سٹیزن کارڈ کے حامل جبکہ 827 پروف آف ریذیڈنس رکھنے والے افغانی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حیدرآباد سے 85 افغانیوں کا انخلا ممکن ہوا، جن میں 73 غیر قانونی طور پر اور پروف آف ریذیڈنس رکھنے والے تھے، تیسرے فیز میں شہید بے نظیر آباد سے 7غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کا انخلا ہوا۔

تیسرے فیز میں سکھر سے 9 غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو واپس بھیجا گیا جبکہ لاڑکانہ سے غیر قانونی طور پر مقیم 2 افغانیوں کی وطن واپسی ممکن ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق تیسرے فیز میں سندھ بھر کے ٹرانزٹ پوائنٹ سے مجموعی طور پر 3 ہزار 430 افغان شہری واپس گئے جن میں 2 ہزار 455 غیر قانونی طور پر مقیم افغانی، 136 افغان سٹیزن کارڈ کے حامل جبکہ 839 پروف آف ریذیڈنس رکھنے والےافغانی شامل ہیں۔

فیز تھری میں جی سی ٹی کیمپ کراچی سے مجموعی طور پر 3 ہزار 394 افغانیوں کا انخلا ممکن ہوا، جیکب آباد کیمپ سے مجموعی طور پر 3 ہزار 430 افغان شہریوں کی واپسی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق افغان شہریوں کی ملک واپسی، تاحال سندھ میں کتنے موجود ہیں حتمی تعداد سامنے نہ آسکی، کراچی سمیت سندھ بھر میں سپیشل برانچ، سپریم حساس ادارہ اور وفاقی حساس ادارہ مشترکہ کام کر رہے ہیں۔

کسی بھی ایجنسی کے پاس افغان شہریوں کی حتمی تعداد موجود نہیں ہے، آزاد ذرائع بتاتے ہیں کہ تقریباً دس لاکھ سے زائد افغان شہری یہاں موجود ہیں، تاہم سپیشل برانچ ذرائع کہتے ہیں کہ یہ تعداد تین سے پانچ لاکھ کے درمیان ہے۔

رپورٹ کے مطابق اب اطلاع پر کارروائیاں ہورہی ہیں، تمام افغان شہریوں کو ڈھونڈ کر واپس بھیجا جائے گا۔