وزیرآباد: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم تنازعات اور نقائص کا مجموعہ ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے حکمران جلد 28 ویں ترمیم بھی لے آئیں گے، عدلیہ تباہ ہو رہی ہے، پارلیمنٹ کی حیثیت عملاً ختم ہو چکی ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان ایک فیڈریشن ہے، اس کی چار اکائیاں ہیں، کسی ایک اکائی کا اعتماد ختم ہوا تو ملک میں انارکی پھیل جائے گی، عوام سے بنیادی جمہوری حقوق چھینے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بار بار ترامیم میں اضافہ مسائل کو جنم دیتا ہے، "بدل دو نظام کو" اجتماع 21 سے 23 نومبر کو مینارِ پاکستان پر ہوگا۔
جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر نے عوام سے جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔



