پاک فوج اور اماراتی صدارتی گارڈز کی مشترکہ انسداد دہشتگردی مشق’ جلمود اول‘ اختتام پذیر

Published On 11 November,2025 11:07 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج اور متحدہ عرب امارات کے صدارتی گارڈز کی مشترکہ انسداد دہشتگردی مشق ’جلمود اول‘ اختتام پذیر ہوگئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تربیلا میں پاک فوج اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدارتی گارڈز کے درمیان دو ہفتوں پر مشتمل مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق ’جلمود اول‘ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

یہ مشق ہاسٹیج ریسکیو آپریشنز (یرغمال بنائے گئے افراد کی بازیابی) پر مرکوز تھی، جس میں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور یو اے ای صدارتی گارڈز کے دستوں نے حصہ لیا۔

اختتامی تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ ایس ایس جی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ سینیئر یو اے ای عسکری حکام اور سفارت کار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی اور یرغمالیوں کی بازیابی کے آپریشنز میں دونوں ممالک کے دستوں کی مشترکہ پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ کرنا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔