پاکستان آرمی، نیوی اور ایئر فورس ترمیمی بل 2025 سینیٹ سے منظور

Published On 14 November,2025 08:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ (ایوان بالا) میں پاکستان آرمی، نیوی اور ایئر فورس ترمیمی بل 2025 منظور کر لیا گیا۔

چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس جاری ہے، نائب وزیراعظم اور سینیٹر اسحاق ڈار نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظوری کیلئے سینیٹ میں پیش کیا، جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد قوانین میں ترمیم کی ضرورت تھی۔

جے یو آئی (ف) کے رکن کامران مرتضیٰ نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کو کمیٹی میں بھجوایا جائے، پی ٹی آئی کے رکن ہمایوں مہمند نے بھی بل کمیٹی کے بھجوانے کا مطالبہ کیا۔

پاکستان ایئر فورس ایکٹ ترمیمی بل 2025 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا، پاکستان ایئر فورس ایکٹ ترمیمی بل 2025 میں اہم تبدیلیاں کی گئیں۔

پاکستان ایئر فورس ایکٹ 1953 میں سے سیکشن 10 ڈی، 10 ای اور 10 ایف حذف کرنے کی ترمیم منظور کر لی گئی، سیکشن 202 میں ترمیم چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کے الفاظ حذف کرنے کی ترمیم بھی منظور کی گئی۔

پاکستان نیوی ایکٹ ترمیمی بل 2025 وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیش کیا۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد آرمی ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی ہے، ایکٹ کے مطابق آرمی چیف کا بطور چیف آف ڈیفنس فورسز نیا نوٹیفکیشن جاری ہو گا، نئے نوٹیفکیشن کے بعد آرمی چیف کی مدت دوبارہ سے شروع ہوگی۔

آرمی ایکٹ میں کہا گیا کہ آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس پاک فوج کے تمام شعبوں کی ری اسٹرکچرنگ اور انضمام کریں گے، وزیراعظم آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس کی سفارش پر کمانڈر نیشنل سٹریٹیجک کمانڈ تعینات کریں گے۔

آرمی ایکٹ کے مطابق کمانڈر نیشنل سٹریٹیجک کمانڈ کی مدت ملازمت 3 سال ہو گی، کمانڈر نیشنل سٹریٹیجک کمانڈ کو 3 سال کیلئے دوبارہ تعینات کیا جا سکے گا۔

آرمی ایکٹ میں کہا گیا ہے کہ 27 نومبر سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہو جائے گا۔