پنجاب بار کونسل نے 27ویں آئینی ترمیم پر اطمینان کا اظہار کردیا

Published On 14 November,2025 11:23 pm

لاہور: (محمد اشفاق) پنجاب بار کونسل نے 27ویں آئینی ترمیم پر اطمینان کا اظہار کر دیا۔

پنجاب بار کونسل کے مطابق آئینی عدالت پاکستانیوں کی بہت دیر سے ڈیمانڈ تھی، موجودہ آئینی ترمیم نظام انصاف کو مضبوط کرے گی۔

وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری محمد اشفاق کہوٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ذبیع اللہ ناگرہ نے 27ویں آئینی ترمیم اور پاکستان میں دستوری عدالت کے قیام کے حوالے سے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دستوری عدالت کا قیام ایک دیرینہ اور قانونی تقاضا تھا اور ’’میثاقِ جمہوریت‘‘ میں بھی اس کا مطالبہ شامل تھا، جس سے اس کی جمہوری اور آئینی اہمیت مزید واضح ہوتی ہے۔

انہوں نے اس اہم آئینی اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں آئینی حکمرانی مضبوط ہوگی اور نظامِ انصاف بہتر ہوگا، پارلیمنٹ آئین کے تحت ملک کا اعلیٰ ترین قانون ساز ادارہ ہے، ملکی مفاد، استحکام اور بہتری کیلئے ضروری آئینی ترامیم کرنے کا مکمل اختیار رکھتی ہے۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کا منظور ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پارلیمنٹ عدالتی اصلاحات اور آئینی معاملات کے بروقت حل کے لیے سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دستوری عدالت کا قیام پاکستان کے تمام شہریوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا، کیونکہ اس سے آئینی مقدمات کی بروقت سماعت ممکن ہوگی اور موجودہ عدالتی بوجھ میں کمی آئے گی۔

پنجاب بار کونسل کی قیادت نے واضح کیا کہ اگر کوئی فرد یا گروہ سیاسی مفادات کے حصول کے لیے اس آئینی اقدام کے خلاف رکاوٹیں پیدا کرنے، غلط فہمیاں پھیلانے سے اجتناب کرے۔