حیدرآباد: پٹاخے بنانے والی فیکٹری دھماکے سے منہدم، 6 افراد ہلاک، 7 شدید زخمی

Published On 15 November,2025 04:57 pm

حیدرآباد: (دنیا نیوز) حیدرآباد میں پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکہ، 6 افراد ہلاک، 7شدید زخمی ہو گئے۔

لطیف آباد تھانہ بی سیکشن کی حدود لغاری گوٹھ میں پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا اور پوری بلڈنگ منہدم ہو گئی۔

ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور فائر وہیکلز موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور سرچ آپریشن میں مصروف ہیں، اب تک ملبے سے 13 شدید زخمی افراد کو نکال کر بھٹائی ہسپتال اور سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں اور ریسکیو ٹیم کے مطابق اب تک 6 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد، پاکستان رینجرز اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

یو ایس آر (Urban Search & Rescue) ٹیم خصوصی آلات کے ساتھ ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش میں مصروف ہے، مزید افراد کے پھنسے ہونے کا شبہ ہے، سرچ آپریشن تیزی سے جاری ہے۔

عینی شاہد طاہر لغاری نے بتایا کہ ہم پڑوس میں رہتے ہیں، زوردار دھماکا ہوا ہم پہنچے تو آگ لگی ہوئی تھی، ہمارے سامنے 11 سے 12 زخمی افراد کو یہاں سے لے جایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ آتش بازی کا کارخانہ 2022 سے قائم تھا، اس سے قبل بھی تین دفعہ دھماکے ہوچکے ہیں، ہم نے بھی سیکشن پولیس کو شکایت کی ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی حیدر آباد سے ابتدائی رپورٹ طلب کر لی

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ ایس ایس پی حیدرآباد فی الفور ابتدائی کارروائی پر مشتمل تفصیلات سے آگاہ کریں، چیک کیا جائے کہ فیکٹری کے پاس لائسنس تھا۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ پٹاخوں کی فیکٹری اگر قانون کے برخلاف کام کر رہی ہے تو مالک و دیگر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ لائسنس کی موجودگی اور تصدیق کے لئے متعلقہ مجاز اتھارٹی سے تصدیق کرائی جائے، تفتیش سے متعلق جملہ ضروری اقدامات سے آگاہ رکھا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا حیدرآباد فیکٹری دھماکے کا نوٹس

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حیدرآباد فیکٹری دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ زخمی مزدوروں کو فوری اور بہترین طبی امداد دی جائے۔

ترجمان کے مطابق مراد علی شاہ نے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی، وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر و ڈی سی حیدرآباد سے فوری حقائق نامہ طلب کر لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا مکمل آڈٹ کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے تحفظ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔