ترمیم پارلیمنٹ کا حق، مزید کرنا پڑی تو کریں گے، ججز کے استعفے سیاسی ہیں: طلال چودھری

Published On 16 November,2025 02:57 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ ترمیم پارلیمنٹ کا حق ہے، ججز کے استعفے سیاسی ہیں، ان لوگوں نے پارلیمنٹ کومیونسپل کارپوریشن بنا دیا تھا۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ ملک کا آئین پارلیمنٹ اور عوام کی مرضی کا ہوگا، سپریم کورٹ سوموٹو پر حکومت کو گھر بھیج دیتی تھی، جس کوچاہیں ہٹادیں جس کومرضی لےآئیں، یہ آپ کا کام نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام روکنے کیلئے 27ویں آئینی ترمیم میں مثالی فیصلہ کیا، ملک کے استحکام کیلئے مزید ترامیم کرنا پڑی تو کریں گے، الیکشن کابائیکاٹ کرنےوالے سیاسی مقابلہ کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے کام سرانجام دیں تو عہدے پر رہیں گے، سہیل آفریدی کوئی اور راستہ اپنائیں گے تو وفاق کے پاس آئینی آپشن موجود ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ پنجاب کے گیارہ حلقوں میں الیکشن سکیورٹی کے حوالہ سے تمام انتظامات مکمل ہیں، صوبائی فورسسز کے علاوہ دیگر کو بھی بلایا جا سکتا ہے، امید ہے پر امن طور پر الیکشن ہوگا، اہلسنت کی حمایت کوئی چھوٹی حمایت نہیں ہے، اہلحدیث اور دیوبند نے بھی حمایت کا اعلان کیا ہے۔