اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا ختم، عمران خان کی تینوں بہنیں گرفتاری کے بعد رہا

Published On 19 November,2025 12:52 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر جاری دھرنا ختم کروا کر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی تینوں بہنوں کو حراست میں لے لیا جنہیں اب رہا کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے رات گئے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمی خان کو چکری انٹرچینج پر رہا کر دیا، رہائی کے بعد علیمہ خانم دونوں بہنوں کے ہمراہ براستہ موٹروے لاہور روانہ ہوگئیں۔

قبل ازیں پولیس نے اڈیالہ جیل کے قریب سے عمران خان کی بہنوں کو تحویل میں لے لیا تھا، علیمہ خانم نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر 10 گھنٹوں سے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دے رکھا تھا، پولیس نے آپریشن کے دوران بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت متعدد کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔

گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل کے قریب گورکھپور ناکے پر عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی طبیعت خراب ہوگئی جس پر علیمہ خانم کا کہنا تھا کہ لیڈیز پولیس نورین نیازی کو گھسیٹ رہی تھیں، یاد رکھنا آج تک ہم شرافت میں بیٹھے رہے ہیں، میں سب کو بتا رہی ہوں کہ شرافت میں ہم نے ان کا ہر اصول فالو کیا ہے، آج میری بہنوں کو عورتیں سڑک پر گھسیٹ رہی تھیں، ہم نے جا کر ان کو بچایا۔