ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کرنے والے تینوں افغانی نکلے، ابتدائی پولیس رپورٹ تیار

Published On 24 November,2025 12:59 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی، پولیس نے ابتدائی رپورٹ بھی تیار کرلی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی ہے، تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گرد افغانی تھے، جن سے ہتھیار و گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ایک خودکش حملہ آور پیدل چلتا ہوا سنہری مسجد روڈ کی جانب سے ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے مرکزی گیٹ کے سامنے پہنچا، خودکش حملہ آور نے چادر اوڑھ رکھی تھی۔

رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ کے ناکے پر خود کو دھماکے سے اڑایا، مرکزی گیٹ پر ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پشاور: ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ ناکام، بمبار سمیت 3 دہشتگرد ہلاک، 3 اہلکار شہید

پولیس کے مطابق دھماکے سے مرکزی گیٹ کو نقصان نہیں پہنچا، دھماکے کے فوری بعد شلوار قمیض پہنے دو حملہ آور سائیڈ گیٹ سے ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں داخل ہوئے، دونوں خودکش حملہ آوروں کے پاس رائفلز اور ہینڈ گرنیڈ بھی تھے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آّور اندر داخل ہونے کے بعد دائیں جانب مڑے اور موٹر سائیکل سٹینڈ پہنچے، خودکش حملہ آوروں نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارے گئے، دہشت گردوں کو مرکزی گیٹ کے تیس، چالیس میٹرز کے اندر ہی مار دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دہشتگردوں کا مقصد لوگوں کو یرغمال بنانا تھا، ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں اعلی افسران بیٹھتے ہیں اور نفری بھی زیادہ ہوتی ہے، ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں پریڈ بھی ہورہی تھی، ایف سی ہیڈ کوارٹرز کو کلئیر کردیا گیا ہے۔