لاہور: (دنیا نیوز) صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ عالمی مہم کے آغاز کے موقع پر قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں قرارداد چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے جمع کرائی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان خواتین اور بچیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ خواتین کا وقار اور سلامتی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ جسمانی، نفسیاتی، معاشی اور ڈیجیٹل تشدد کا خاتمہ فوری تقاضا ہے۔
متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ تشدد کے خاتمے کیلئے اداروں اور معاشرے کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی، یہ ایوان اس حقیقت کا اعتراف کرتا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی بطور پہلی خاتون وزیراعلیٰ حیثیت خواتین کے تحفظ کی مضبوط علامت ہے، یہ ایوان واضح کرتا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا۔
قراردار میں کہا گیا کہ یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ متاثرہ خواتین کو قانونی، نفسیاتی اور حفاظتی معاونت تک فوری رسائی دی جائے، یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ انصاف کی فراہمی کو مؤثر، تیز اور قابلِ اعتماد بنانا ناگزیر ہے، یہ ایوان اعتراف کرتا ہے کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
متن کے مطابق یہ ایوان اس بات پر زور دیتا ہے کہ خواتین کی معاونت کیلئے پالیسی اور سروس ڈلیوری سسٹم کو مزید مضبوط کیا جائے،یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے ایک متحد قوت بن کر روابط بہتر بنائیں، پالیسی ہم آہنگی کے بغیر تشدد کے خاتمے کے اہداف حاصل نہیں ہو سکتے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ محفوظ، بااعتماد اور خوف سے پاک معاشرہ تشکیل دینا وقت کی ضرورت ہے، یہ ایوان سمجھتا ہے کہ خواتین کی بااختیاری ہی ترقی یافتہ پنجاب کی بنیاد ہے، یہ ایوان اعلان کرتا ہے کہ خواتین کے تحفظ کیلئے صوبائی سطح پر تمام اقدامات مزید مؤثر کئے جائیں گے، یہ ایوان عزم کرتا ہے کہ صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔



