پشاور کی عظمت رفتہ کی بحالی، 100 ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر گرینڈ میٹنگ بلانے کا اعلان

Published On 27 November,2025 10:08 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے 100 ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر گرینڈ میٹنگ بلانے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی کی زیر صدارت ضلع پشاور کے پارلیمنٹیرینز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں موجودہ و سابق اراکین اسمبلی سمیت پشاور کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔

سہیل آفریدی نے پشاور کی عظمتِ رفتہ کی بحالی کے لیے 100 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر گرینڈ میٹنگ بلانے کا اعلان کر دیا، اجلاس میں 7 دسمبر کو پشاور میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کے انتظامی اور سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پشاور صوبے کا دارالحکومت اور ہمارا چہرہ ہے، اس لیے پشاور کے میگا پراجیکٹس اور درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، حکومت پشاور کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں میں مزید تیزی لائے گی۔