سبی: (دنیا نیوز) ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے زیر اہتمام ایف سی ہیڈکوارٹر سوئی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی، مقامی انتظامیہ اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
کھلی کچہری میں عوامی مسائل کے حل،امن و استحکام کے قیام، ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔
آئی جی ایف سی بلوچستان(نارتھ) کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ امن و اتحاد سے وابستہ ہے، بلوچستان کے عوام نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، ہم سب نے مل کر وطن دشمن عناصر کی سازشوں کو شکست دینی ہے، علاقے میں امن قائم رکھنے میں قبائلی عمائدین کا کردار نہایت اہم ہے۔
کھلی کچہری میں شریک مقامی قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ آئی جی ایف سی نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جو بہت خوش آئند بات ہے، ہم نے اپنے مسائل بیان کئے ہیں اور آئی جی ایف سی نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے، ایف سی نے یہاں امن و امان کے قیام کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں۔
مقامی عمائدین نے تعلیم و صحت، ڈیر بگٹی و کشمور روڈ کی صورتحال اور سکیورٹی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
شرکاء نے زور دیا کہ بلوچستان میں امن و خوشحالی کے لئے حکومت، سکیورٹی فورسز، انتظامیہ اور قبائلی عمائدین کا تعاون ناگزیر ہے۔



