وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا فیکٹری ناکے پر دھرنا فجر کے بعد ختم کرنے کا فیصلہ

Published On 28 November,2025 02:27 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 10 گھنٹے سے فیکٹری ناکے پر جاری دھرنا فجر کے بعد ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ علامہ ناصر عباس کے آنے کے بعد ہونے والی مشاورت میں کیا گیا، علامہ ناصر عباس، محمود اچکزئی، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، مینا خان، شاہد خٹک اور مشال یوسفزئی مشاورت میں شامل تھے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا فیکٹری ناکے پر دھرنا فجر کے بعد ختم کرنے کا فیصلہ

مشاورت میں منگل کو دوبارہ آنے کی تجویز کی سب نے حمایت کی، مشاورت میں شامل پارٹی رہنماؤں نے آج جمعہ کو ہائیکورٹ سے توہین عدالت کیلئے بھی رجوع کرنے اور سینیٹ و قومی اسمبلی اجلاس میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ بھی کیا، منگل کو فیملی ملاقات کے موقع پر کارکنوں کو کال بھی دی جائے گی۔

فیڈریشن کو بچانا ہے تو موجودہ حکمرانوں سے نجات پانا لازم ہے، علامہ ناصر عباس

اس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے نمائندوں کے جیل انتظامیہ اور پولیس سے مذاکرات بھی ہوئے، مذاکرات فیکٹری ناکہ کے قریب نجی عمارت میں ہوئے، مذاکرات میں اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ جیل، وزیر اعلیٰ کے سی ایس او اور پولیس کے نمائندے شریک تھے، مذاکرات میں ممبر کے پی اسمبلی مینا خان بھی شامل ہوئے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر تحریری وجہ بتانے اور بانی کی صحت سے متعلق یقین دہانی کروانے کا مطالبہ کیا گیا، مذاکرات میں وزیر اعلیٰ کے پی سمیت کسی پارٹی رہنما کی ملاقات کروانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔