لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر کی ماتحت عدالتوں میں آج وکلاء کی جانب سے جزوی ہڑتال کی جا رہی ہے۔
ہڑتال پنجاب بار کونسل کی جانب سے وہاڑی میں مقامی وکیل کے مبینہ طور پر پولیس کے ہاتھوں قتل کے خلاف دیئے گئے احتجاجی اعلان کے بعد کی جا رہی ہے۔
پنجاب بار کونسل کے چیئرمین ایگزیکٹو ذبیح اللہ ناگرہ نے صوبے بھر کی عدالتوں میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے وکلاء سے اپیل کی ہے کہ وہ آج ماتحت عدالتوں میں پیش نہ ہوں۔
پنجاب بار کونسل نے کہا ہے کہ وکیل محمد ذیشان کو پولیس کی فائرنگ سے قتل کیا گیا، جس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے، بار کونسل کا مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
پنجاب بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ جب تک ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی، احتجاجی لائحہ عمل جاری رہے گا۔



