کراچی: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے نیپا چورنگی واقعہ انتہائی افسوسناک قرار دے دیا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں جس کی بھی کوتاہی ثابت ہوئی سخت ایکشن ہوگا، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، یہ واقعہ مجرمانہ غفلت ہے، سخت سزائیں ملیں گی تو ایسے واقعات دوبارہ نہیں ہوں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اس بحث میں نہیں جاؤں گا کون کونسلر اور کس کا ٹاؤن تھا؟ جس کی بھی کوتاہی ہے اس کو سزا ملنی چاہئے، اگر یہ میری ذمہ داری بھی بنتی ہے تو مجھے بھی مستعفی ہو جانا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بلیم گیم میں نہیں پڑیں گے، ہم حکومت میں ہیں، یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، افسر شاہی کو اپنے دفاتر سے باہر نکلنا چاہئے، افسران اپنا کام صحیح نہیں کرتے تو پھر ہماری ذمہ داری ہے۔



