شرقپور شریف: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن کے بغیر ملک میں معیشت اور امن و امان کی صورت حال ٹھیک نہیں ہوسکتی۔
شرقپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما جے یو آئی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکمرانوں نے پے رول پر کچھ علماء رکھے ہوئے ہیں جن کو بلا کر خطاب کیا جاتا ہے، پنجاب حکومت علماء کو وظیفہ دینا چاہ رہی ہے لیکن لینے والا کوئی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے اقتدار میں آنے کیلئے 75 سالوں میں اسٹیبلشمنٹ سے ہاتھ نہیں ملایا نہ ملائیں گے، جب سے پاکستان بنا ہے نالائق اور نااہل ٹولہ اقتدار میں ہے، حکمرانوں نے ملکی اثاثے بیچ کر اور نئے قرضے لے کر معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بلوچستان میں 75 سالوں سے طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے، پاکستان میں 35 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔
رہنما جے یو آئی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا استحکام افغانستان کے استحکام سے مشروط ہے، اچھے طالبان اور برے طالبان کا علم نہیں، ہم تو صرف ٹی ٹی پی سے مذاکرات کے حامی ہیں۔



