اسلام آباد: (دنیا نیوز) 2025ء کے دوران وفاقی محتسب نے مجموعی طور پر 4 لاکھ سے زائد شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جبکہ 10.2 ارب روپے مالیت کے مفت فیصلے کیے، یہ اقدامات اداروں میں شفافیت اور احتساب کے فروغ کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہیں۔
وفاقی محتسب نے سال 2025ء کے دوران مجموعی طور پر 261,101 شکایات پر فیصلے کیے جن میں سے 96.8 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد ہو چکا ہے، وفاقی محتسب نے 91 فیصد فیصلے مقررہ 60 دن کی مدت کے اندر کیے جس سے شفافیت اور عوامی اعتماد کو فروغ ملا۔
وفاقی محتسب نے 137,152 بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل بھی حل کیے اور 166 کھلی کچہریوں اور 232 او سی آر کے ذریعے ہزاروں شکایت کنندگان کو ان کے گھر کے قریب انصاف فراہم کیا ہے، تنازعات کے غیر رسمی حل کے پروگرام (آئی آر ڈی) کے تحت 7,356 شکایات کا ازالہ بھی کیا گیا، وفاقی محتسب سرکاری اداروں کے خلاف شکایات کے حل اور گورننس کی بہتری کے لیے عوامی عدالت کے طور پر کام کرتا ہے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور بچوں کی شکایات کے لیے الگ شکایات کمشنر بھی تعینات ہیں۔
شہری کسی بھی سرکاری ادارے میں بدانتظامی کے خلاف وفاقی محتسب میں شکایت درج کرا سکتے ہیں، ہر شکایت کا فیصلہ 60 دن میں کیا جاتا ہے اور شکایت درج کروانے کے لیے نہ کوئی فیس ہے اور نہ وکیل کی ضرورت ہے۔
وفاقی محتسب سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1055 استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ بچوں کی شکایات کے لیے ہیلپ لائن 1056 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، شکایات گھر بیٹھے بذریعہ ڈاک، ای میل، موبائل ایپ یا آن لائن بھی کی جا سکتی ہیں۔



