2025: جمہوری ادارے برقرار، عملی طور پر کمزور ہوئے، پلڈاٹ

Published On 31 December,2025 05:45 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) پلڈاٹ نے سال 2025کے اختتام پر جمہوریت کے معیار پر جائزہ رپورٹ جاری کر دی۔

پلڈاٹ کی رپورٹ کے مطابق 2025 کے دوران جمہوری ادارے برقرار مگر عملی طور پر کمزور ہوتے گئے، ہائبرڈ طرزِ حکمرانی کو پاکستان میں مزید استحکام حاصل رہا، پاک بھارت تصادم کے بعد ریاستی امور میں سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کا اثر بڑھ گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سویلین حکومت نے ہائبرڈ طرزِ حکمرانی کی مکمل حمایت کی، علاقائی کشیدگی اور داخلی شورش نے پاکستان کو سکیورٹی اسٹیٹ کی طرف دھکیلا، جمہوری ادارے سکیورٹی ترجیحات کے دائرے میں کام کرنے پر مجبور رہے،27ویں آئینی ترمیم محدود بحث کے ساتھ منظور کی گئی جس سے پارلیمنٹ کمزور ہوئی۔

پلڈاٹ کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف کے عہدے خالی رہے، انتظامی اختیارات رسمی طور پر سویلین مگر عملی طور پر محدود رہے، 2025 میں عدلیہ کو بڑی آئینی اور ساختی تبدیلیوں کا سامنا رہا، فوجی عدالتوں کا تسلسل اور نئی آئینی عدالت شفاف انصاف پر سوالیہ نشان ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ قومی فیصلوں میں سکیورٹی اداروں کا کردار مزید نمایاں ہو گیا، ضمنی انتخابات ہوئے مگر کم ووٹر ٹرن آؤٹ نے عوامی اعتماد متاثر کیا، سیاسی جماعتیں خاندانی کنٹرول اور کمزور داخلی جمہوریت کا شکار رہیں، مقامی حکومتوں کی عدم موجودگی نچلی سطح پر جمہوریت کیلئے بڑا نقصان ہے۔

اِسی طرح رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ پیکا قانون میں ترامیم کے بعد میڈیا  کی آزادی مزید محدود ہو گئی، اختلافِ رائے کو 2025 میں قومی مفاد کے خلاف سمجھا جاتا رہا۔