بلوچستان دہشتگردی کا شکار، تدارک کیلئے فیلڈ مارشل فوج کو لیڈ کر رہے ہیں: وزیراعظم

Published On 08 January,2026 04:59 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان بدقسمتی سے دہشتگردی کا شکار ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فوج کی قیادت کر رہے ہیں۔

کوئٹہ میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ،اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن اراکین نے ملاقات کی، ملاقات میں سیا سی امور، گڈگورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیاسی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود بلوچستان کابینہ عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے، کابینہ ارکان اور سیاسی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے، چیف آف بگٹی قبائل منتخب ہونے پر سرفرازبگٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث بلوچستان میں بےپناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور عوام کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خوارج کو ہمسایہ ملکوں کی جانب سے سپورٹ دی جا رہی ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ آج بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارت کوایسا سبق سکھایا جووہ ہمیشہ یاد رکھےگا، این ایف سی کے تحت وسائل صوبوں کو فراہم کئے جا رہے ہیں، پنجاب اپنے حصے کے 11 ارب بلوچستان کو سالانہ فراہم کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب نے اسلم رئیسانی کا مطالبہ پورا کرنے میں لیڈ لی، نوازشریف نے بلوچستان میں سڑکوں کے جال بچھائے، بلوچستان میں ترقیاتی کام کوئی احسان نہیں ہمارا فرض ہے، مشاورت اور بھائی چارے کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو چیلنجز ہیں ان کا سرجوڑ کر حل تلاش کرنا ہے، کراچی سے چمن 4 رویہ روڈ کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں، پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل ہو رہا ہے۔