خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سانحہ گل پلازہ کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھنے کا اعلان کر دیا۔
سانحہ گل پلازہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ سانحہ کے ایک ہفتے بعد بھی سیاست ہو رہی ہے، ملبہ کسی پر ڈالنے کی سازش نہیں چلے گی، ذمہ داروں کا تعین کرکے سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے کہتا ہوں شاید آپ کو درست بات نہیں بتائی گئی، مراد علی شاہ پوچھیں کہ مشینری ٹھیک کام کیوں نہیں کر رہی؟ جس کا باپ مارا گیا ہے اس کے بیٹے پر لاٹھی چارج کیوں؟ مائیں انصاف کیلئے بھیک مانگ رہی ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا ٹیکس بھی دیں اور جان بھی دیں، کوئی سیاست کرے گا تو سب کا کچہ چٹھہ کھول دوں گا، انتظامیہ نے مجرمانہ غفلت کی، پردہ ڈالنے نہیں دوں گا۔
گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کہوں گا کہ کراچی آپ کا منتظر ہے، فیلڈ مارشل دیکھیں یہاں زیادتی کس نے کی ہے، انہوں نے جاں بحق افراد کے ورثا کو ایک، ایک پلاٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔