پاکستان
خلاصہ
- کوٹ مومن:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وادی تیرہ میں خفیہ آپریشنز جاری رہتے ہیں، خیبر پختونخوا حکومت غلط بیانی نہ کرے۔
پنجاب کے شہر کوٹ مومن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت نے وادی تیرہ سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈے کا نوٹس لیا ہے، رضاکارانہ نقل مکانی کرے والوں کیلئے4 ارب روپے کے فنڈ رکھے گئےہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ علاقے سے انخلاء کو فوج سے جوڑنا غلط بیانی ہے، علاقے میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز جاری رہتے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت صوبے کےعوام کی بہتری پر توجہ دے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت فرانزک لیب بنائے،عوامی فلاح کے منصوبے شروع کرے، احتجاج کی کال سن سن کر لوگ تھک چکے ہیں۔
دوسری جانب عطاتارڑ نے مزید کہا کہ علاقے کو خالی کرانے سے متعلق غلط خبریں چلائی گئیں۔