خلاصہ
- لندن: (ویب ڈیسک) نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ لوگوں کا عبادت گاہوں میں بھی محفوظ نہ ہونا خطرناک ہے۔
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے اسلام آباد مسجد میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے حملے میں شہید افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
ملالہ یوسفزئی نے عبادت گزاروں اور شہریوں پر حملے کو خوفناک اور بزدلانہ جرم قرار دیا اور کہا کہ یہ حملہ انسانیت، ہمارے ایمان اور اقدار کے خلاف ہے اور اس سے پوری قوم متاثر ہوئی ہے، دعا کرتی ہوں کہ ہمارے ملک میں امن قائم ہو۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکے سے 32 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش بمبارکا شناختی بھی ملا ۔ شناختی کارڈ کی بنیاد پر حملہ آور کی شناخت یاسر کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پشاور میں حملہ آور کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے دوران اس کے دو بھائی اور ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے۔