سی سی ڈی حراست کیس میں ڈی آئی جی لیگل پنجاب کو طلب

سی سی ڈی حراست کیس میں ڈی آئی جی لیگل پنجاب کو طلب

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس تنویر احمد شیخ نے آصف معراج کی درخواست پر سماعت کی، سی سی ڈی منڈی بہاؤالدین کے افسران عدالت میں پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار کی جانب سے رمضان ڈھڈی ایڈووکیٹ نے پیش ہو کر دلائل دیے۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار دیا کہ سی سی ڈی نے ملزم نعمان قیصر کو 30 نومبر 2025 کے پولیس مقابلے کے وقوعہ میں شامل کر کے نام پی این آئی لسٹ میں شامل کروا دیا تھا، جبکہ ملزم نعمان قیصر 24 اپریل 2025سے جنوری 2026 تک جیل میں قید تھا۔

سی سی ڈی کے وکیل نے بتایا کہ ملزم نعمان قیصر کی منڈی بہاؤالدین کے مقدمہ میں گرفتاری درکار نہیں، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اگر ملزم کی گرفتاری درکار نہیں تو اس مقدمہ کی بنیاد پر نام پی این آئی ایل لسٹ میں کیوں ڈالا؟ اس سوال پر سی سی ڈی افسران عدالت کو جواب سے مطمئن نہیں کر سکے۔

تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ منڈی بہاؤالدین پولیس نے ایک پولیس مقابلے کے مقدمے میں ملزم کو گرفتار کیا ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ پولیس مقابلہ منڈی بہاؤالدین میں ہوا تھا اس میں کوئی پولیس والا زخمی یا فائرنگ سے کوئی ملزم ہلاک ہوا تھا، پولیس مقابلے میں کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا تھا تاہم ایک ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا۔

عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ سی سی ڈی والوں کو بتاؤ جس درخواست میں رپورٹ دیتے ہیں اس پر تاریخ ضرور لکھا کریں، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ڈی آئی جی لیگل پنجاب کو 27 فروری ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نعمان قیصر کا نام پی این آئی ایل لسٹ نکلوانے کی درخواست کی، پی این آئی ایل لسٹ میں نعمان قیصر کو منڈی بہاؤالدین کے پولیس مقابلے میں شامل کیا گیا، جب پولیس مقابلہ ہوا تب نعمان قیصر جیل میں تھا، عدالت ملزم نعمان قیصر کا نام خارج کرنے کا حکم دے۔