28 لاکھ شہریوں میں امدادی کارڈ تقسیم، 95 فیصد ہدف حاصل کر لیا: عظمیٰ بخاری

28 لاکھ شہریوں میں امدادی کارڈ تقسیم، 95 فیصد ہدف حاصل کر لیا: عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کا سلسلہ آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، پنجاب حکومت نے اضلاع میں 30 لاکھ امدادی رقم کے کارڈ تقسیم کیے جبکہ اب تک 28 لاکھ 2 ہزار سے زیادہ کارڈ شہریوں میں تقسیم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت 95 فیصد اپنا ہدف حاصل کر چکی ہے، اب تک 90 فیصد سے زائد شہری رمضان کارڈ کے ذریعے رقم حاصل کر چکے ہیں تاہم مجموعی طور پر شہریوں کو 25.29 ملین سے زیادہ رقم فراہم کی جا چکی ہے۔

عظمیٰ بکاری کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 422 "مریم کے مہمان" دسترخوان پر روزانہ لاکھوں افراد افطاری کر رہے ہیں، دسترخوانوں میں کھانے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی کا عملہ دسترخوانوں اور پکوان مراکز پر تعینات ہے۔

انہوں نے مزید کہا مریم نواز نے وسیع پیمانے پر عوامی افطاری کے دسترخوان قائم کرکے مثال قائم کی ہے، پنجاب حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر ہر شہری کی دہلیز پر رمضان نگہبان کارڈ پہنچائے ہیں جبکہ مریم نواز سے مقابلے کرنے والوں کے صوبے میں رمضان پیکج کس کو ملا کہاں تقسیم ہوا کسی کو کچھ پتہ نہیں۔