اسحاق ڈار کا سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، امریکا ایران مذاکرات پر گفتگو

اسحاق ڈار کا سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، امریکا ایران مذاکرات پر گفتگو

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے آخری مرحلے میں داخل ہونے کا خیرمقدم کیا اور ممکنہ معاہدے کے حوالے سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے خطے میں ثالثی، مذاکرات اور مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے آئندہ ہونے والے علاقائی چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس (R-4) سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور سفارتی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔