خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا اور ایران کے ممکنہ معاہدے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی مفاہمتی یادداشت یا معاہدے پر کل دستخط نہیں ہو رہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر اتوار کو بھی دستخط نہیں ہوں گے اور اس مرحلے پر جوہری معاملے پر کسی قسم کی بات چیت بھی زیر غور نہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ جنگ کے خاتمے پر توجہ مرکوز کرنے والے اسلام آباد میمورنڈم پر عمل جاری ہے تاہم دستخط کے لیے درست وقت کا تعین ابھی نہیں کیا گیا، ان کے مطابق فی الحال ہمیں صحیح وقت کا انتظار کرنا چاہیے، یہ کل نہیں ہوگا۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا، تاہم دوسرے فریق کی غیر یقینی صورتحال کے باعث اس حوالے سے حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ اس معاملے پر کسی بھی بیان دیتے وقت احتیاط ضروری ہے تاکہ غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کیا جا سکے۔