خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے روزگار کی فراہمی کے پائلٹ منصوبے ’’آئی ورک فار سندھ‘‘ کو باقاعدہ سرکاری پروگرام بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن کہتے ہیں کہ ’’آئی ورک فار سندھ‘‘روزگار فراہم کرنے والے اداروں کیلئے ایک مؤثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن چکا ہے، پلیٹ فارم پر اب تک 48 لاکھ سے زائد افراد وزٹ کر چکے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ایک لاکھ 13 ہزار امیدوار رجسٹریشن کرا چکے ہیں، 670 کمپنیاں پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہیں، 11 ہزار 100 ملازمتیں اس وقت فعال ہیں، مجموعی طور پر 20 ہزار 800 ملازمتیں پوسٹ کی جا چکی ہیں، سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ اب تک 4 لاکھ 19 ہزار سے زائد ملازمت کی درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس ہوا، آئی ورک فار سندھ کو مزید مؤثر، مربوط اور جدید انداز میں چلانے کے لئے جامع حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا، آئی ورک فار سندھ کے ذریعے نوجوانوں تک سرکاری و نجی روزگار کے مواقع مؤثر انداز میں پہنچانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا جلد ہی پورٹل پر صنعتی ماہرین کی جانب سے کیریئر کونسلنگ کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی، لائیو کیریئر کونسلنگ کی سہولت کے ذریعے نوجوانوں کو براہ راست کیریئر رہنمائی فراہم کی جائے گی۔