لاہور: 12 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق، قتل کا مقدمہ درج

لاہور:  12 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق، قتل کا مقدمہ درج

پولیس نے بچی کے والد جاوید کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق کنیز فاطمہ فیصل آباد کی رہائشی تھی اور گزشتہ ایک ماہ سے صوفی اعجاز کے گھر گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق والد جاوید کا کہنا ہے کہ مالک کی بہو نے انہیں فوری لاہور پہنچنے کے لیے کہا۔ وہ اپنی اہلیہ اور بھائی کے ہمراہ لاہور پہنچے تو بتایا گیا کہ ان کی بیٹی گلاب دیوی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ والد کے مطابق ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے بتایا کہ کنیز فاطمہ مردہ حالت میں لائی گئی تھی۔

والد نے مقدمے میں الزام عائد کیا ہے کہ کوٹھی مالکان نے ان کی 12 سالہ بیٹی پر تشدد کیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی، جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔