خلاصہ
- گوجرانوالہ (دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ میں موسلا دھار بارش کے باعث گھر کی چھت منہدم ہونے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے۔
نوشہرہ روڈ پر واقع ایک کچے مکان کی مٹی اور لکڑی سے بنی کمزور چھت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے دو بچے جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق سات سالہ شاہین اور چھ ماہ کا شان علی ملبے تلے دب کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو ملبے سے نکال لیا۔
یہ بھی پڑھیں: بارش سے گھر کی چھت گر گئی، دو بچے جاں بحق، والدہ زخمی
زخمی سلمیٰ اور 10 سالہ ثناء کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ پانچ سالہ خدیجہ کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں موقع پر ہی طبی امداد دی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسلسل بارش کے باعث کمزور کچے مکان کی چھت منہدم ہوئی۔ ریسکیو نے مزید بتایا کہ گوجرانوالہ میں بارش سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں مجموعی طور پر بچوں سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔