قصور میں بارش کا جمع پانی دو معصوم بچوں کی جان لے گیا

قصور میں بارش کا جمع پانی دو معصوم بچوں کی جان لے گیا

واقعے کے بعد اہل علاقہ نے انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق راجہ جنگ کے رہائشی ذوالفقار ولد علی انصاری نے ریسکیو ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ اس کا 10 سالہ بھتیجا سعد علی ولد سعید احمد اور 11 سالہ احسان ولد یعقوب قوم آرائیں بارش کے کھڑے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: گھر کی چھت گرنے سے بچوں سمیت تین افراد جاں بحق، ایک زخمی

اطلاع ملتے ہی اے ایس آئی علی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ دونوں بچے بارش کے جمع شدہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔

پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد دونوں بچوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد سڑکوں اور گلیوں میں جمع پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

انہوں نے انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئندہ ایسے سانحات سے بچنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔