وزیراعظم کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ،تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ،تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

سرکاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے ڈاکٹر انور ابراہیم کی خیریت دریافت کرتے ہوئے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر دونوں وزرائے اعظم نے باہمی تعاون کی موجودہ رفتار کو مزید تیز کرنے، خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

گفتگو کے دوران علاقائی صورتحال، بالخصوص خلیج کی صورتحال بھی زیر بحث آئی،  ڈاکٹر انور ابراہیم نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، کوششوں اور رہنمائی پر اظہار تشکر کیا۔

دوسری جانب وزیراعظم نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت پر اپنے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے ملائیشیا سمیت برادر اور دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا جب کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں بھی جاری رکھی جائیں گی۔

آخر میں دونوں رہنماؤں نے باہمی طور پر موزوں موقع پر مستقبل قریب میں ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔