خلاصہ
- بہاولپور:(دنیا نیوز) پنجاب کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 میں ضمنی انتخاب کل ہوگا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی جانب سے ملک منیر اقبال چنڑ اپنے والد کی خالی نشست پر امیدوار ہیں، جبکہ سابق وفاقی وزیر چودھری طارق بشیر چیمہ کے بیٹے ولی داد چیمہ بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں ہیں، حلقے میں مجموعی طور پر 20 امیدوار انتخابی مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔
این اے 168 میں 4 لاکھ 83 ہزار 143 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 2 لاکھ 48 ہزار 529 مرد اور 2 لاکھ 34 ہزار 614 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
حلقے میں مجموعی طور پر 292 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 130 مرد، 130 خواتین اور 32 مشترکہ پولنگ سٹیشنز شامل ہیں، انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 896 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 168 بہاولپور ضمنی انتخاب، پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست
ضمنی انتخاب کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ پاک فوج اور رینجرز کی ایک ایک کمپنی ریزرو میں موجود رہے گی۔
خیال رہے پولنگ کل صبح 8 بجے شروع ہوگی جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی، حلقہ این اے 168 کی مجموعی آبادی 9 لاکھ 37 ہزار 95 افراد پر مشتمل ہے۔