مری میں سکول وین حادثے کا شکار، 10 بچے جھلس کر زخمی

مری میں سکول وین حادثے کا شکار، 10 بچے جھلس کر زخمی

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی قریبی ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں سوار بچوں کو بحفاظت باہر نکالا اور زخمی بچوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تمام زخمی بچوں کو مزید طبی امداد کیلئے سول ہسپتال مری منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ ٹیم نے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پا لیا، جبکہ جائے وقوعہ پر کولنگ کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مری میں وین حادثے میں طلبہ کے جھلس کر زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور رپورٹ طلب کرلی۔

مریم نواز شریف نے ابتدائی رپورٹ میں اوور لوڈنگ اور آتشزدگی سے بچاؤ کےلئے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سکول وین میں حفاظتی انتظامات اور فٹنس پر زیرو ٹالرنس اپنانے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ سکول وین سیفٹی کے بارے میں واضح احکامات کے باوجود عمل درآمد نہ ہونا افسوسناک اور تکلیف دہ امر ہے، کمشنر راولپنڈی زخمی بچوں کے علاج کی خود نگرانی کریں گے۔