خلاصہ
- لندن: (حسیب ارسلان) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے برطانوی وزیرِ مملکت برائے مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان و پاکستان اسٹیفن ڈاؤٹی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل اور دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کو اجاگر کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے پاکستان اور برطانیہ کے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے مسلسل اسٹریٹجک روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے بعد ٹیپو عثمان نے کہا کہ برطانوی وزیر اسٹیفن ڈاؤٹی سے خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے دوطرفہ اسٹریٹجک روابط کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔
برطانوی وزیرِ مملکت اسٹیفن ڈاؤٹی نے بھی ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کے وسیع دائرہ کار کو اجاگر کیا۔
اسٹیفن ڈاؤٹی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان سے ملاقات بہت اچھی رہی۔ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، سکیورٹی تعاون مضبوط بنانے اور مائیگریشن سے متعلق مشترکہ چیلنجز پر مل کر کام کر رہے ہیں۔
دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات میں مثبت روابط کے تسلسل کو مزید آگے بڑھانے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔