موٹرسائیکلوں میں سائیڈ ویو مررز کی مستقل تنصیب کیلئے سی ٹی او لاہور کا بڑا اقدام

موٹرسائیکلوں میں سائیڈ ویو مررز کی مستقل تنصیب کیلئے سی ٹی او لاہور کا بڑا اقدام

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب کو خط لکھ دیا جس میں موٹرسائیکل مینوفیکچررز کیلئے مناسب مینوفیکچرنگ سٹینڈرڈز متعارف کروانے کی تجویز دی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ شہر لاہور میں 62 فیصد حادثات لین تبدیل کرتے وقت پیچھے نہ دیکھنے اور مناسب سگنل نہ دینے سے رونما ہوئے، سائیڈ ویو مررز کے بغیر موٹرسائیکل چلانا حادثات کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق ماڈل روڈز پر 97 فیصد جبکہ دیگر سڑکوں پر 88 فیصد سے زائد موٹرسائیکل سواروں نے ہیلمٹ پہن لئے ہیں، ہیلمٹ کے ساتھ ساتھ اب سائیڈ ویو مررز بھی لازم ہیں۔

خط میں تجویز دی گئی ہے کہ موٹرسائیکلوں میں سائیڈ ویو مرر کا راڈ مستقل نصب کیا جائے جبکہ صرف مرر کو الگ کرنے کی سہولت دی جائے، موٹرسائیکلوں کے سائیڈ ویو مررز اتارنے والوں کی حوصلہ شکنی بھی کی جائے۔

سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ سائیڈ ویو مررز کی مستقل تنصیب سے پیچھے اور اطراف سے آنے والی ٹریفک دیکھنے میں مدد ملے گی، مجوزہ اقدام کا مقصد سڑکوں پر حادثات اور جانی نقصان میں کمی لانا ہے۔

سی ٹی او لاہور نے اپنی تجویز پر متعلقہ حکام اور موٹرسائیکل مینوفیکچررز سے مشاورت کی بھی درخواست کی ہے۔