خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 9ویں اجلاس میں مختلف ترقیاتی سکیموں کیلئے 63 ارب 5 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کر لیے گئے، اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی۔
اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ آر تھری کی بنتھ سے تھلیاں تک تعمیر کیلئے 51 ارب 32 کروڑ 60 لاکھ روپے، ضلع خوشاب میں مظفرگڑھ روڈ جوہرآباد تا چوک گروٹ کی دو رویہ تعمیر کیلئے 3 ارب 72 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ وزیراعلیٰ کے پلانٹ فار پاکستان پروگرام کے نظرثانی شدہ منصوبے کیلئے 8 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔
صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں مختلف ترقیاتی سکیموں کے پوزیشن پیپرز کی بھی منظوری دی گئی، جن میں پنگاسیئس اور دیگر قیمتی مچھلیوں کی ہیچری سہولیات کا قیام، وزیراعلیٰ یوتھ انگیجمنٹ پروگرام اور سیف سٹی کچہ ایریا شامل ہیں۔
اجلاس میں پیفٹیک میں اے آئی ہب کے قیام اور پنجاب لیگل ایڈ اینڈ اسسٹنس پورٹل کیلئے آسامیوں کی تخلیق کے پوزیشن پیپرز کی منظوری بھی دی گئی۔
اس کے علاوہ پنجاب بھر میں صنعتی اخراج کے مؤثر انتظام کیلئے اے آئی پر مبنی کاربن مینجمنٹ اینڈ اکاؤنٹنگ پلیٹ فارم کے استعمال اور فیصل آباد، لاہور، ملتان اور سیالکوٹ میں صنعتوں کو ماحول دوست بنانے کے پروگرام کے پوزیشن پیپرز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سپارک منصوبے کے تحت پائیداری سے متعلق منصوبہ بندی اور عملی تحقیق کیلئے بھی آسامیوں کی تخلیق کے پوزیشن پیپر کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی، چیف اکانومسٹ، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔