خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت تھی۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے، دہشت گردی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف عدم برداشت اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ سیکیورٹی اداروں کو دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے معاونت فراہم کرے گا، جس سے امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ ناگزیر قدم عوام کے محفوظ مستقبل اور پائیدار امن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جانے چاہییں تاکہ شہری بلا خوف و خطر زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ خیبر پختونخوا سمیت پورے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔