خلاصہ
- پشاور:(دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف علی محمد خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایک سیاسی جماعت کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔
پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف علی محمد خان نے کہا ہے کہ اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پولیس کی حفاظتی تحویل میں ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی اس وقت کہاں اور کس جگہ موجود ہیں، اس بارے میں انہیں کوئی علم نہیں اور نہ ہی ان کی خیریت سے متعلق کوئی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا کی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، سہیل آفریدی اب بھی وزیراعلیٰ ہیں، جبکہ جنید اکبر کے بارے میں بھی پارٹی کو معلوم نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔
علی محمد خان نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے اور عوامی مینڈیٹ رکھنے والی حکومت کو ختم کر دیا گیا، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔
مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ بات چیت 90 سے 95 فیصد کامیابی کے قریب پہنچ گئی تھی، سیاسی اختلافات اور تنازعات کو باہمی گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ایک دوسرے کو گرانے کے بجائے مل بیٹھ کر بات کرنا ہوگی، جن معاملات پر اختلافات ہیں، انہیں مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، سیاسی مسائل کے حل کے لیے بات چیت کو جاری رکھی چاہئیں۔