روسی وزیر داخلہ کا پاکستان مونومنٹ، پولیس لائنز کا دورہ، پرچم کو بوسہ دیا

روسی وزیر داخلہ کا پاکستان مونومنٹ، پولیس لائنز کا دورہ، پرچم کو بوسہ دیا

اسلام آباد پولیس لائنز میں روسی وزیر داخلہ نے پولیس کی شاندار پریڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر خصوصی دستوں نے انہیں سلامی پیش کی، جبکہ پاکستان اور روس کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

تقریب کے دوران روسی وزیر داخلہ کو پاکستانی پرچم پیش کیا گیا، جسے انہوں نے احتراماً بوسہ دیا۔

ولادیمیر کولاکولتسیف نے اسلام آباد پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

 اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس سہیل چوہدری، ڈپٹی انسپکٹر جنرلز (ڈی آئی جیز) اور پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

بعد ازاں روسی وزیر داخلہ نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

ولادیمیر کولاکولتسیف نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھا کر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر انہوں نے شکرپڑیاں سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور مارگلہ کے پہاڑی سلسلے کے دلکش مناظر بھی دیکھے اور شہر کے قدرتی حسن و خوبصورتی کو سراہا۔