شہباز شریف نے کشمیر چوک انڈرپاس منصوبے کا افتتاح کر دیا

شہباز شریف نے کشمیر چوک انڈرپاس منصوبے کا افتتاح کر دیا

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کشمیر چوک منصوبے کے تحت 6 ہزار 340 نئے درخت لگائے گئے ہیں جبکہ منصوبے کے اطراف کشمیر کی مناسبت سے دو خوبصورت مونومنٹس بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر چوک انڈرپاس منصوبہ صرف 27 روز میں مکمل کیا گیا، محسن نقوی کو مبارکباد دیتا ہوں، اپنے سیاسی کیریئر میں اتنی برق رفتاری سے کوئی منصوبہ مکمل ہوتا نہیں دیکھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ منصوبہ محض 500 میٹر کا انڈرپاس نہیں بلکہ 4 کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک ہے، انڈرپاس منصوبہ ایک ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، منصوبے کی تکمیل ایس سی او کانفرنس اور دیگر اہم تقریبات کے لیے ہماری تیاریوں کا عملی ثبوت ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے، منصوبہ تخمینہ لاگت سے تقریباً ڈھائی فیصد کم قیمت پر ای پیڈز کے ذریعے ٹھیکے پر دیا گیا، ملک کی شبانہ روز خدمت کے لیے اسی جذبے کے ساتھ ایک ٹیم بن کر کام کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگلے سال ایس سی او کانفرنس ہونے جا رہی ہے، اسلام آباد کو خوبصورت بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

منصوبہ معیاری کام کے ساتھ 27 روز میں مکمل کیا گیا: محسن نقوی

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کشمیر چوک انڈرپاس کا منصوبہ معیاری کام کے ساتھ 27 روز میں مکمل کیا گیا، وزیراعظم نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے معاملے پر مکمل تعاون اور حمایت کی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کی جے آئی ٹی رپورٹ کی منظوری دے دی ہے، اربوں روپے مالیت کی ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کی جائیداد سی ڈی اے کو واپس ملی ہے۔